ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوگی حکومت کا دعوی، چار برسوں میں کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا

یوگی حکومت کا دعوی، چار برسوں میں کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا

Sun, 27 Jun 2021 23:31:43    S.O. News Service

لکھنؤ،27؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں حکومت نے چار برسوں کے قلیل عرصہ میں کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ بااختیار ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ یوگی حکومت نے چار برسوں میں زرعی ترقی کے لئے بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ 86 لاکھ کسانوں کے 36 ہزار کروڑ روپے کے قرض معافی کے ساتھ شروع ہونے والا یہ سلسلہ پردھان منتری کسان سمان نیدھی اور فصل بیمہ یوجنا سے لے کر ریکارڈ زرعی پیداوار اور ملک میں سب سے زیادہ اناج کی خریداری تک جاری ہے۔

یوگی حکومت نے ریاست میں زرعی ترقی کی نئی بنیاد رکھی۔ کچھ سال پہلے تک کھیتی باڑی، جو خسارے کا سودا سمجھا جاتا تھا، اس کو ٹیکنالوجی کی ہم آہنگی کے ساتھ منافع بخش سودا بنا کر کسانوں کو دوگنی آمدنی کا تحفہ دیا گیا۔ حکومت نے گنا کاشتکاروں کو چار برسوں میں 137891 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے۔ یہ بی ایس پی حکومت سے دوگنا ہے اور ایس پی حکومت کے دور میں گنے کی ادائیگی سے ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔

کھیتی، کاشتکاروں اور زرعی مزدوروں تینوں کی ترقی کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے یوگی حکومت نے نہ صرف ریکارڈ اناج کی پیداوار اور خریداری کا ریکارڈ بنایا بلکہ 72 گھنٹوں میں کسانوں کے کھاتے میں براہ راست ادائیگی بھی کی اور خریداری کے عمل سے بچولیوں کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2014-2015 میں زرعی پیداوار صرف 389.28 لاکھ میٹرک ٹن تھی جسے ہر سال بڑھایا جاتا تھا اور 2020-21 میں یہ 624.19 لاکھ میٹرک ٹن ہوگیا۔ 2020-21 کے دوران 13 لاکھ چھ ہزار کسانوں سے 55 لاکھ میٹرک ٹن دھان، ایک لاکھ چھ ہزار میٹرک ٹن مکئی، 56.42 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی گئی۔ حکومت نے اب تک گنے کے کسانوں کو 137891 کروڑ روپے گنے کی ادائیگی کرچکی ہے۔


Share: